Thursday, 21 July 2016

محراب پور: بڑے بڑے چمگادڑوں کی آمد، آم کے باغ اور کپاس کی فصل تباہ ، ان کے کاٹنے سے کئی افراد بھی زخمی

0 comments

چمگادڑوں کے محراب پور کے قریبی علاقوں میں ڈیرے، تین فٹ بڑے چمگادڑوں نے کئی افراد کو کاٹ لیا، آم سمیت دیگر فصلوں کو تباہ کردیا، جبکہ علاقہ مکین شدید خوف میں مبتلا، ہر سال ہزاروں کی تعداد میں مختلف جھنڈوں کی شکل میں آنے والے تین فٹ سے بڑے چمگادڑوں نے محراب پور کے نواحی گاؤں مولے ڈنو اجپر، فیروز دین بھٹی سمیت کئی دیہاتوں میں آم کے باغ اور کپاس کی فصلیں تباہ کی ہیں، لاکھوں کے نقصان کے باعث کاشتکار سخت پریشان ہیں جبکہ انکی دہشت سے علاقہ مکین بھی شدید خوف و حراس میں مبتلا ہیں، مقامی افراد نے بتایا کہ ان کے کاٹنے سے کئی لوگ زخمی بھی ہوئیں ہیں یہ چمگادڑ رات کو اڑتے ہیں اور فصلوں پر حملہ کرتے ہیں رات گئے ان کی زد میں آنے والے افراد کو بھی یہ کاٹ کر زخمی کر دیتے ہیں، دن کے ٹائم چمگادڑ درختوں پر ڈیرہ ڈال لیتے ہیں ان خوفناک چمگادڑوں کا سائز اتنا بڑا ہے کہ انہیں دیکھنے کے لیئے کئی لوگ آتے ہیں اور مردہ چمگادڑوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے ہیں۔


 

Wednesday, 20 July 2016

تحریک انصاف کا 7 اگست سے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان

0 comments
عمران خان نے کرپشن اور پاناما لیکس کے معاملے کیخلاف 7 اگست سے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں کہ اگر حکومت ہمارے ٹی او آرز تسلیم کر لے تو تحریک روک دیں گے۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین
 عمران خان کا اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملک میں جاری کرپشن اور پاناما لیکس کے معاملے کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں۔ کرپشن کیخلاف تحریک کا آغاز 7 اگست سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے عوام میں شعور پیدا کریں گے، اس کے بعد دھرنا دیا جائے گا۔ تحریک کیلئے تمام صوبوں میں کمیٹیاں بنیں گی۔ تاہم عمران خان کا کہنا تھا کہ کئی معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ متفق ہیں۔ اگر حکومت ہمارے ٹی او آرز پر کمیٹی بنا دے تو تحریک رک جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اکاؤنٹبلیٹی بیورو (نیب) نے پاناما لیکس کے معاملے پر ایکشن کیوں نہیں لیا؟۔ نیب کو پاناما لیکس کے بعد شریف خاندان کیخلاف ایکشن لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 25 جولائی کو نیب آفس کے سانے مظاہرہ کیا جائے گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے عمران خان نے کہا کہ اگر پاکستان میں مارشل لا لگے گا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان تحریک انصاف کو ہوگا۔ ہم پاکستان میں آزاد جمہوریت کیلئے لڑ رہے ہیں۔ تحریک اںصاف آج ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ کیا میں نے گزشتہ 20 سال سے مارشل لا کیلئے جدوجہد کی ہے؟  

کسٹم انسپکٹر قتل کیس، ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

0 comments

عدالت نے ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ایک ماہ میں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا
راولپنڈی (دنیا نیوز) راولپنڈی کے مجسٹریٹ نے قتل کیس میں ماڈل ایان علی کے ناقابال ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ایک ماہ میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ مقتول کسٹم انسپکٹر اعجاز چوہدری کی بیوہ نے تھانہ وارث خان میں ماڈل ایان علی کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا ۔ پولیس نے مجسٹریٹ گلفام بٹ کی عدالت میں بتایا کہ ملزمہ ماڈل ایان علی کو قتل کیس کی تفتیش کے لیے بار بار طلب کیا گیا مگر وہ پیش نہ ہوئیں ۔ عدالت نے پولیس کا موقف سننے کے بعد ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ایک ماہ میں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے کیس کے حوالے سے تفتیشی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ۔  

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ شروع

0 comments
پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا
مظفر آباد (ویب رپورٹ) آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے چناؤ کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دسویں عام انتخابات میں کل 49 نشستیں ہیں جن میں سے 41 جنرل نشستوں پر الیکشن ہورہا ہے۔ مسلم لیگ(ن)، پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، 10 اضلاع پر مشتمل آزاد کشمیر کے انتخابی معرکے میں 42 سیاسی جماعتوں کے 423 امیدوار میدان میں ہیں ۔41 حلقوں کے چھبیس لاکھ سے زائد ووٹر اپنے نمائندے چنیں گے جن میں 11 لاکھ 90 ہزار 839 خواتین بھی شامل ہیں ۔ انتخابات کے لئے 5429 پولنگ اسٹیشنز اور 8048 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مظفر آباد قائم کیا گیا ہے۔ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا ۔ امن و امان کی بہتر صورتحال کے لیے پاک فوج کے سترہ ہزار جوان بھی فرائض انجام دیں گے ، ایف سی اور پنجاب کانسٹیبلری بھی تعینات رہے گی ۔ حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے تمام اکتالیس نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں ، ن لیگ اڑتیس سیٹوں پر مقابلہ کر رہی ہے جبکہ تحریک انصاف پہلی بار بتیس حلقوں میں قسمت آزمائے گی ۔ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں وزرائے اعظم رہنے والے چار امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ موجودہ وزیراعظم چودھری عبدالمجید ایل اے 2 میرپور چک سواری سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں ۔ سابق وزیراعظم اور موجودہ اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر ایل اے 28 مظفر آباد ہٹیاں بالا سے نون لیگ کا پرچم اٹھائے ہوئے ہیں ۔ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں جبکہ 2 بار وزیراعظم رہنے والے سردار عتیق احمد ایل اے 13 دھیر کوٹ سے مسلم کانفرنس کے امیدوار ہیں ۔ سابق صدر اور وزیراعظم سردار یعقوب کی بیٹی اور موجودہ وزیرفرزانہ یعقوب سابق صدر اور وزیراعظم سردار سکندرحیات کے بیٹے فاروق سکندر بھی انتخابی عمل کا حصہ ہیں ۔ موجودہ سینئر وزیر چودھری یاسین ، وزیر صحت سردار قمرالزمان اور ان کے بیٹے ضیاء القمر سابق اسپیکر شاہ غلام قادر اور اینکر پرسن مشتاق منہاس بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں ۔  

Tuesday, 19 July 2016

کمشنر کو 3 روز میں کچرا ہٹانے کی مہلت

0 comments


کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی تمام تر مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لا تے ہوئے شہر کو صاف ستھرا بنائیں ورنہ اپنے خلاف سخت کارروائی کے لئے تیار رہیں،وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کے ایم سی ، ڈی ایم سیز اور ڈپٹی کمشنرکو صفائی ستھرائی اور شہریوں کو پانی کے مفت ٹینکرز فراہم کرنے کے لئے مطلوبہ فنڈز مہیا کیے ،معاملے میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی،اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی سے کچرا نہ اٹھانے کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو 3دن کی مہلت دی ہے کہ کراچی شہر کی گلیوں اور سڑکوں سے کچرا اٹھا یا جائے بصور ت دیگر اپنے خلاف سخت کارروائی کے لئے تیار رہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پانی اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، ایڈیشنل سیکریٹری (ترقیات) محمد وسیم، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، سیکریٹری بلدیات بقاء اﷲ انڑ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے کے ایم سی ، ڈی ایم سیز اور ڈپٹی کمشنرز کو شہر کی صفائی ستھرائی اور شہریوں کو پانی کے مفت ٹینکرز فراہم کرنے کے لئے مطلوبہ فنڈز مہیا کیے تھے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ اس معاملے میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی ۔انہوں نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو حکم دیا کہ وہ اپنی تمام تر مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لا تے ہوئے تمام ڈی ایم سیز سے کچرا اٹھا کر شہر کو صاف ستھرا بنائیں ورنہ اپنے خلاف سخت کارروائی کے لئے تیار رہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں محکمہ بلدیات کے ایسے سینی ٹیشن ورکرز کی کوئی ضرورت نہیں ہے جو تنخواہ لینے کے باوجود بھی اپنا کام نہیں کرتے ۔ انہوں نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو حکم دیا کہ وہ تمام ڈی ایم سیز ، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ عملے کو متحرک کریں اور 3دن کے اندر شہر سے کچرا اٹھا کرمکمل صفائی کی جائے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے پاس بہت بڑی تعداد میں سینی ٹیشن ورکرز اور بھاری مشینری موجود ہے جو شہر بھر کے کلیکشن پوائنٹس سے کچرا اٹھا کر لینڈ فل سائٹس تک پہنچا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو انکے ملازمین کی تنخواہوں اور انکے علاقوں کی صفائی کے لئے اضافی فنڈز بھی فراہم کر رہی ہے لیکن انکی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا ذاتی طور پر دورہ کیا اور انکو ہر جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو 3دن کی مہلت دیتا ہوں کہ آپ ہر متعلقہ عملے اور افسران کو شہر کی صفائی، کچرا اٹھانے اور اپنا متعلقہ کام کرنے کی ہدایت کریں بصورت دیگر نہ صرف ان کو فارغ کیا جائیگا بلکہ انکے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائیگی۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں فری واٹر ٹینکرز کی تقسیم پر بھی نا راضگی کا اظہار کرتے ہوئے مفت پانی کے ٹینکرز کی تقسیم کے نظام کو بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اکثر غریب عوام پانی خرید نے کی طاقت نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کمشنر کراچی کو اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔
شکریہ دنیا ویب

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ بازیاب ، گھر والوں کے حوالے

0 comments


اویس شاہ کو ٹانک کے علاقے سے آپریشن کے بعد بازیاب کرایا گیا ، کارروائی کے دوران تین دہشتگرد بھی جہنم واصل ہوئے
کراچی (تیزنیوز ) چیف جسٹس کے بیٹے اویس شاہ کو ٹانک کے علاقے سے دہشتگردوں سے بازیاب کرا لیا گیا ، اویس شاہ کو رینجرز حکام نے گھر والوں کے حوالے کر دیا ۔ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ آرمی چیف نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو فون کر کے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف جسٹس کے بیٹے اویس شاہ کو ٹانک کے علاقے سے دہشتگردوں سے بازیاب کرایا گیا ۔ ان کی بازیابی کے لئے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا ۔ اس موقع پر مقابلے میں تین دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو فون کیا اور انہیں بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی ۔ چیف جسٹس کے بیٹے کی بازیابی کے بعد انہیں دوستوں اور رشتہ داروں کی جانب سے مبارکبادوں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں ۔ اس موقع پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ نے اپنی رہائش گاہ پربیٹے اویس شاہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کی بازیابی میں پاکستان آرمی ، حکومت پاکستان اور حساس اداروں نے اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات تین بجے مجھے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا فون آیا اور انہوں نے بتایا کہ میرے بیٹے کو بازیاب کرا لیا گیا ہے ۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مجھے بتایا کہ وہ اس واقعے کی خود ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں ۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے بتایا کہ آرمی چیف نے اس معاملے کی ذاتی طور پر نگرانی کی اور بعد ازاں ڈی جی آئی ایس آئی نے اس معاملے کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کی بازیابی میں پوری قوم کی دعائیں شامل ہیں ۔ لیکن اس میں کون سا گروہ ملوث تھا 
اس حوالے سے ابھی تک کسی قسم کی معلومات نہیں ہیں ۔ 
شکریہ: دنیا ویب نیوز